ایک خوبصورت شخصیت ۔۔۔ حافظ آباد کی شان
ریاض احمد مغل (ریٹائرڈ ٹیچر)
کچھ لوگ اپنی زندگی صرف گزارتے ہیں، جبکہ کچھ اپنی خدمات سے آنے والی نسلوں کے لیے مثال بن جاتے ہیں۔ ریاض احمد مغل انہی باوقار شخصیات میں سے ایک ہیں جنہوں نے شعبۂ تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور فروغ کے لیے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ وقف کیا۔
25 نومبر 1954ء کو پیدا ہونے والے ریاض احمد مغل صاحب نے بطور استاد بے شمار طلبہ کی علمی رہنمائی کی، جبکہ ہاکی کے میدان میں صدر نیشنل ہاکی کلب حافظ آباد، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن حافظ آباد، نائب صدر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن گوجرانوالہ، ایگزیکٹو ممبر گوجرانوالہ ڈویژن ہاکی ایسوسی ایشن اور لاہور ڈویژن ہاکی ایسوسی ایشن کے رکن کونسل سمیت متعدد اہم ذمہ داریاں نہایت دیانت اور خلوص سے ادا کیں۔
آپ کو پولینڈ اور چین کی قومی ہاکی ٹیموں کے خلاف تاریخی بین الاقوامی مقابلوں میں کوچ اور اسسٹنٹ منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔ علاوہ ازیں، قومی ہاکی چیمپئن شپ میں گوجرانوالہ ڈویژن کی نمائندگی کرتے ہوئے منیجر اور اسسٹنٹ منیجر کی ذمہ داریاں بھی کامیابی سے نبھائیں۔ 1980ء میں لاہور ڈویژن ہاکی ایسوسی ایشن سے گریڈ “بی” ہاکی امپائر کا اعزاز حاصل کیا۔
ریاض احمد مغل صاحب کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اخلاص، محنت اور خدمت کا جذبہ انسان کو ہمیشہ عزت و احترام عطا کرتا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، خوشی اور درازیٔ عمر عطا فرمائے
اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔ آمین۔
تحریر از خالد مرزا



