Muhammad Saeed Khokhar

حافظ آباد کا گوہرِ نایاب ۔۔۔۔ پروفیسر محمد سعید کھوکھر
کسی بھی معاشرے کی اصل شناخت اس کے اہلِ علم ہوتے ہیں، اور جب علم، کردار، تدریس، تحقیق، کھیل اور ادب ایک ہی شخصیت میں جمع ہو جائیں تو وہ اپنے شہر کا سرمایہ بن جاتی ہے۔ پروفیسر محمد سعید کھوکھر حافظ آباد کی ایسی ہی درخشاں اور باوقار شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی قابلیت، محنت اور اعلیٰ کردار کے ذریعے علم و دانش کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
آپ اس وقت گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز، سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور صدر شعبۂ سیاسیات کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل بطور پرنسپل گورنمنٹ کالج اروپ، صدر شعبۂ تاریخ و مطالعۂ پاکستان گورنمنٹ اسلامیہ کالج گوجرانوالہ، قائداعظم پبلک کالج، گفٹ یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تدریسی خدمات انجام دے کر ہزاروں طلبہ کی علمی رہنمائی کی۔
تعلیمی میدان میں آپ کی قابلیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پرائمری سے انٹرمیڈیٹ تک حکومتی وظائف حاصل کیے اور گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 حافظ آباد میں مسلسل پانچ سال سکول ٹاپر رہے۔ بعد ازاں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم اے تاریخ اور جی سی یونیورسٹی لاہور سے ایم فل تاریخ کی ڈگری حاصل کر کے اپنی علمی صلاحیتوں کو مزید جِلا بخشی۔
علم کے ساتھ کھیل کے میدان میں بھی آپ ہمیشہ نمایاں رہے۔ ہاکی جیسے قومی کھیل میں مختلف تعلیمی اداروں اور کلبوں کی کپتانی کا اعزاز حاصل کیا، جس سے آپ کی قائدانہ صلاحیتیں اور نظم و ضبط نمایاں ہوئے۔
گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ میں بطور ممبر نصابی کمیٹی، ممبر اصلاحاتِ امتحانات کمیٹی، ہیڈ ایگزامینر، پیپر سیٹر اور ممبر چیئرمین اسکواڈ آپ کی خدمات اساتذہ برادری کے لیے باعثِ اعتماد اور طلبہ کے لیے معیارِ علم کی علامت ہیں۔
ادب، شعر و سخن اور علمِ موسیقی سے گہرا شغف آپ کی شخصیت کا ایک خوبصورت پہلو ہے۔ آپ کا شائستہ اندازِ گفتگو، علمی وقار، اخلاقِ حسنہ اور عاجزی ہر ملنے والے کو متاثر کرتی ہے۔
پروفیسر محمد سعید کھوکھر بلاشبہ حافظ آباد کی ان ممتاز شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی زندگی علم، کردار، خدمت اور مثبت اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ اہلِ حافظ آباد کو ان کی علمی و ادبی خدمات پر بجا طور پر فخر ہے۔
اللہ تعالیٰ پروفیسر محمد سعید کھوکھر کو صحت، عزت، خوشیاں اور مزید علمی و ادبی کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین۔

تحریر از خالد مرزا

Site Admin

MBBS MD

About The Author

Share This :
Apna HafizabadApnaHafizabadKhalid MirzaMuhammad Saeed KhokharPersonalitiesTareekh HafizabadTeacher