Pandit Hargo Laal Sharma

حافظ آباد کی تاریخ کے گمشدہ اوراق شخصیات

حافظ آباد پنڈت ہرگو لعل شرما 1882 ء کو حافظ آباد کے بھاردواج برہمن خاندان میں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم حافظ آباد میں حاصل کی اور مزید تعلیم کے لئے لاہور تشریف لے گئے اور وہاں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد واپس حافظ آباد تشریف لے آئے اور تدریس کا پیشہ اختیار کیا ۔ آپ کو اردو، فارسی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل تھا اور آپ عرصہ دراز حافظ آباد کے سب سے قدیم اور ممتاز ترین تعلیمی ادارے گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر ایک میں انگریزی کے استاد رہے اور آپ انتہائی محنتی اور مخلص استاد تھے اور آپ نے ایک طویل عرصہ اسکول ہذا میں ملازمت کی تھی اور کہا جاتا ہے کہ آپ کے شاگردوں کی تعداد ہزاروں میں تھی حافظ آباد کی مشہور شخصیات میں چوہدری محمد یوسف سرویہ، ملک محمد اکرم اعوان، ڈی ایچ حبیب، خلیفہ محمد یوسف پینٹر، ملک عنایت اللہ،ظہور احمد مہند پٹواری اور چوہدری ہارون الرشید تھہیم اور دیگران ان کے شاگردوں میں شامل تھے ۔ آپ اس وقت اپنی علمی، ادبی اور سماجی سرگرمیوں کی بنا پر علاقہ بھر میں نمایاں تھے تقسیم تک آپ حافظ آباد میں اس وقت کے کئی انگریزی اور اردو اخبارات کے نمائندہ خصوصی تھے آپ ایک بڑے ذاتی کتب خانہ کے مالک تھے اور آپ صاحب کتاب بھی تھے آپ کی مشہور تصنیف “آئینہ حافظ آباد” ہے جس کا پہلا ایڈیشن 1934 ء میں شائع ہوا تھا اور دوسرا مفصل اور تقسیم کے وقت کی اور ہجرت کی کربناک المناک کہانیوں کو لے کر تقسیم کے بعد 1953 ء کو دہلی سے شائع ہوا تھا ۔ پنڈت ہرگو لعل شرما کا شمار تقسیم تک تحصیل حافظ آباد کی معزز اور پڑھی لکھی شخصیات میں ہوتا تھا اس وقت جب بھی کبھی کوئی اعلیٰ انگریز آفیسر یا دیگر بڑے حکام حافظ آباد آتے تھے تو آپ اپنی اعلیٰ درجہ کی انگریزی زبان میں مہارت کی وجہ سے وہاں ان حکام کے ساتھ ہوتے تھے ۔ حافظ آباد میں گوسائیوں کے رام ناٹک کلب کے آپ بانی تھے جو کہ رام بھون موجودہ فاروق اعظم روڈ پر واقع تھا اور اس رام بھون میں رامائن کے مطابق ڈرامے دکھائے جاتے تھے جن کی شہرت اس وقت پورے غیر تقسیم شدہ ہندوستان میں تھی اور پورے ہندوستان سے شائقین یہ مذہبی ڈرامے دیکھنے حافظ آباد آتے تھے ۔تقسیم کے بعد آپ کا گھر فتح آباد سے آنے والے مشہور صحافی، کالم نگار، محقق اور ادیب حبیب اللہ شاہین صاحب فتح آبادی کو الاٹ ہوا تھا ۔ 1976 ء کو دہلی بھارت میں وفات پائی

عزیز علی شیخ

Site Admin

MBBS MD

About The Author

Share This :
AzizAziz SheikhPandit Hargo Laal Sharma