یاد رفتگاں ۔۔۔۔ ایک شاندار شخصیت ۔۔۔ ایک عہد
مرزا عبدالرشید ٹھیکیدار
بعض شخصیات اپنے کردار، جرات اور عوامی خدمت کے باعث تاریخ کا حصہ بن جاتی ہیں۔ مرزا عبدالرشید بھی ایسی ہی باوقار اور بااثر شخصیت تھے جنہیں حافظ آباد کی سیاسی و سماجی زندگی میں ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ وہ ایک ناقابلِ شکست کونسلر، عوام کے حقیقی نمائندے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نہایت مخلص، وفادار اور نظریاتی رہنما تھے۔ ان کی بے باکی، نڈر مزاجی اور حق گوئی ان کی پہچان تھی، جبکہ قوتِ فیصلہ ایسی کہ ایک بار جو فیصلہ کر لیتے، اس پر ثابت قدم رہتے اور وقت اکثر اس کی درستی کی گواہی دیتا۔
مرزا عبدالرشید مغل برادری کے روحِ رواں اور اتحاد کی علامت تھے۔ ان کی مجلس میں چھوٹا بڑا سب یکساں عزت پاتا، اور ان کے فیصلے انصاف، تدبر اور دور اندیشی کی بنیاد پر ہوتے تھے۔ وہ نہ صرف اپنی برادری بلکہ پورے شہر میں وقار، شرافت اور اعتماد کی علامت سمجھے جاتے تھے۔ ان کی زندگی خدمتِ خلق، اصول پسندی اور جراتِ اظہار کا خوبصورت استعارہ تھی۔ آج بھی ان کا نام احترام سے لیا جاتا ہے اور ان کی خدمات، کردار اور یادیں اہلِ حافظ آباد کے دلوں میں زندہ ہیں۔