یادِ رفتگاں ۔۔۔۔ ایک خوبصورت شخصیت
(ڈاکٹر) مظہر اقبال شاہ ہاشمی
کچھ لوگ اپنی ڈگریوں سے نہیں بلکہ اپنے کردار، اخلاق اور خدمتِ خلق سے پہچانے جاتے ہیں۔ (ڈاکٹر) مظہر اقبال شاہ ہاشمی بھی ایسی ہی باوقار اور بااخلاق شخصیت تھے۔ حلیم الطبع، شستہ مزاج، خوش گفتار اور خوش اخلاق، جن سے ملنے والا ہمیشہ ان کی محبت، شفقت اور خلوص کا معترف رہتا۔
اگرچہ آپ ایم بی بی ایس ڈاکٹر نہیں تھے، لیکن طب کے شعبے میں آپ نے عملی تجربے کی ایک طویل اور قابلِ قدر زندگی گزاری۔ آپ نے تقریباً دس سال ڈاکٹر جعفر علی شیخ (ایم بی بی ایس) اور پندرہ سال ڈاکٹر عبدالرشید (ایم بی بی ایس) کے ساتھ خدمت انجام دی، جہاں آپ نے مریضوں کی تیمارداری، علاج اور خدمت کے عملی تقاضوں کو نہایت ذمہ داری سے نبھایا۔
بعد ازاں گلہ حاجی معراج دین، حافظ آباد میں تقریباً بیس سال تک اپنا کلینک چلایا۔ اگرچہ آپ کے پاس ایم بی بی ایس کی ڈگری نہیں تھی، مگر آپ کے تجربے، اخلاص اور حسنِ اخلاق نے لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔ مریض آپ کے پاس اطمینان اور اعتماد کے ساتھ آتے، اور آپ کی مسکراہٹ، نرم گفتاری اور ہمدردانہ رویہ ان کے آدھے دکھ تو ملاقات ہی میں کم کر دیتا تھا۔ یہی وہ سرمایہ تھا جس نے آپ کو لوگوں کے دلوں میں ایک منفرد مقام عطا کیا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین